ہیڈلائنز

Reporter WU

Write on پیر, 15 جنوری 2018

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ترجمان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف سے ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کردیا۔

 ترجمان چوہدری نثار نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ بہتر ہو گا مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعظم خود ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کردیں یہ اس لیے ہے کہ بیان دینے والے شخص کے کرتوت سب کے سامنے آجائیں۔

چوہدری نثار سے متعلق پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ایک ایسا شخص جس نے آج تک کونسلر کا الیکشن نہ لڑا ہو وہ ن لیگ کا خود ساختہ پردھان منتری بن بیٹھا ہے جس کی بیشتر زندگی ایک دوسری پارٹی میں گزری ہو ایسے شخص پر تعجب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار کسی ایسے شخص کی مضحکہ خیز باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے جس کا خود مسلم لیگ ن سے تعلق واجبی ہو۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بیان دیا ہے کہ چوہدری نثار ڈان لیکس کے معاملے پر کسی کی خوشنودی کے لیے مجھے پارٹی سے نکالنا چاہتے تھے، پارٹی چوہدری نثار کے بارے میں فیصلہ کرے، میرا ووٹ انھیں نکالنے کے حق میں ہو گا۔

Write on پیر, 15 جنوری 2018

کرک: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اس سال ہی اقتدار میں آئے گی اور  اقتدار میں آکر بڑے بڑے ڈاکوؤں کا احتساب کریں گے۔

کرک میں یونی ورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس سال اقتدار میں آئے گی، اقتدار میں آکر بڑے بڑے ڈاکوؤں کا احتساب کریں گے، بدقسمتی سے ملک میں تعلیم کو ترجیح نہیں دی گئی، بڑے لٹیروں سے جو پیسہ ملک میں واپس لائیں گے اس کو تعلیم پر لگائیں گ

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھیجا، منی لانڈرنگ کا سارا پیسہ واپس لاکر تعلیم پر لگائیں گے، کسی بھی ملک نے دنیا میں بغیر تعلیم کے ترقی نہیں کی، اس سال ہم نے خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بجٹ تعلیم پر لگایا تاہم یہ کافی نہیں ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے اور اسی دن ہی اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

 اپنی شادی کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری زندگی کبھی پرسکون اور آرام دہ نہیں رہی، میں شادیوں پر بھی نہیں جاتا، ایک دن میں صبح ورزش کرنے گیا واپس آیا تو موبائل پر ڈھیر سارے پیغامات ملے، ملازم نے کہا کئی سیاستدانوں نے فون کیا کہ وہ جلد ازجلد آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے سوچا کہ کہیں سوتے میں کسی کو قتل تو نہیں کردیا، مودی مسلمان تو نہیں ہوگئے، ڈونلڈ ٹرمپ نے پھر کچھ کہہ دیا یا پھر شہباز شریف نے ڈرامے بازی بند کردی، بعد میں پتہ چلا قومی بحران ہوگیا ہے اور عمران خان نے رشتہ مانگ لیا ہے۔

Write on پیر, 15 جنوری 2018

کراچی:چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میں اپنے اثاثے ظاہر کروں، میں نے ابھی الیکشن لڑا ہی نہیں، عام انتخابات سے قبل اپنے اثاثے ظاہرکروں گا، عمران خان نےجب پہلے الیکشن لڑا تو اثاثے چھپائے، 2013 کے انتخابات میں بھی کچھ اور بتایا اور جب عدالتِ عظمیٰ کے سامنے پیش ہوئے تو ان کا بیان یکسر تبدیل تھا۔

 چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی حالیہ تبدیلی میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں لیکن آئندہ انتخابات میں پوری کی پوری بلوچستان اسمبلی پیپلزپارٹی کی ہوگی۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پولیس کے نظام سے کوئی مطمئن نہیں ہے، پولیس کاقانون بہت پرانا ہےاس میں اصلاحات کی ضرورت ہے، تمام جماعتیں بیٹھ کرپولیس قوانین میں اصلاحات کریں۔ قصور واقعہ ایک دلخراش سانحہ ہے جو ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا پر بھی زیرِ بحث رہا، پہلے ہم ایسے معاملات پربولنے سے ڈرتے تھے،اب نہ بول کر ڈرتے ہیں۔  قصور جیسے واقعات پاکستان میں جگہ جگہ ہورہے ہیں جن کی مستقل بنیادوں پر روک تھام ضروری ہے، سب پاکستانی سوچتے ہیں کہ بچوں کو کیسے محفوظ رکھیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان کے چاروں صوبے بچوں سے متعلق معلومات نصاب میں شامل کریں اور اسکولوں میں بچوں کو ایسی تربیت دی جائے کہ جس سے وہ اپنی حفاظت کرسکیں۔

 بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی کی حالیہ تبدیلی میں پیپلز پارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں، صوبے میں ہماری ایک بھی سیٹ نہیں تو پھر موجودہ حالات میں ہمارا عمل دخل کیسے ہوسکتا ہے لیکن اتنا ضرور کہتا ہوں کہ آئندہ انتخابات کے بعد پوری کی پوری بلوچستان اسمبلی پیپلزپارٹی کی ہوگی، صوبے کے سابق وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ذمہ دار نواز شریف ہیں جنہوں نے بلوچستان کو نظر انداز کیا اور بلوچ عوام وفاقی جماعت کے لیے ترس گئے۔

 

Write on پیر, 15 جنوری 2018

اسلام آباد: کالعدم جماعت الاحرار کے ترجمان اسد منصور نے خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اسد منصور نے خود کو رضاکارانہ طور پر ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز کے حوالے کیا جب کہ اس موقع پر اس کے 2 ساتھی بھی ہمراہ تھے۔ 

ذرائع کے مطابق ترجمان کالعدم جماعت الاحرار نے اپنے ہتھیار بھی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کالعدم جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بھی رضاکارانہ طور پر خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا تھا جس کی تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی۔

 

جماعت الاحرار گروپ 2014 میں عسکریت پسند تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی کے بعد عمر خالد خراسانی کی قیادت میں قائم ہوا تھا۔

 

کالعدم جماعت الاحرار ملک بھر میں کی جانے والی متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرچکی ہے جس میں مردان کچہری، کوئٹہ سول اسپتال، لاہور میں بڈھ بیر کیمپ، کراچی میں فوجی گاڑی پر حملہ، لاہور میں واہگہ باڈر پر دہشت گردی اور پشاور میں تین فوجی اہلکاروں کو قتل کرنے سمیت دیگر شامل ہیں۔

 

 

Write on ھفتہ, 13 جنوری 2018

پشاور: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی  نے کہا ہے کہ انقلاب باتوں اور دعوؤں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے آتا ہے اور مسلم لیگ ن کی حکومت کام کرکے دکھایا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اینکوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چار پانچ ماہ بعد الیکشن میں عوام کا جو بھی فیصلہ آیا سر آنکھوں پر ہو گا، ہم کام کریں گے تو آگے بڑھیں گے ورنہ گھر جائيں گے۔

انہوں نے کہا کہ  ہر پاکستانی کو تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، آنے والے وقت میں پورا پاکستان ڈیجیٹل سہولیات کے ساتھ کام کرے گا جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ مستقبل کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کااینکوبیشن سینٹر کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ادارہ سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اینکوبیشن سینٹر کا یہ منصوبہ نوجوانوں کی ضرویات اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے براڈ بینڈ کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کیے ہیں یہی وجہ ہے یہی وجہ ہے کہ آج مہمند ایجنسی پوری دنیا سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے قبل تھری جی اور فور جی کے لائسنسوں کی نیلامی پر پیسے بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی مگر ان کی حکومت نے تھری جی اور فور جی کے لائسنس شفاف طریقے سے دیے۔

Write on ھفتہ, 13 جنوری 2018

کراچی:ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے دوران 4 مبینہ دہشتگرد ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ایس پی کراچی ملیر راؤ انوار کے مطابق پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق حساس ادارے کی اطلاع پر شاہ لطیف ٹاؤن میں چھاپہ مارا، پولیس کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

راؤ انوار کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق لشکر جھنگوی اور داعش سے ہے۔ ہلاک شدگان میں لشکر جھنگوی کا کمانڈر مولوی اسحاق اور ٹی ٹی پی کے سابق کمانڈر حکیم اللہ محسود کا گن مین نذر بھی شامل ہے۔

Write on ھفتہ, 13 جنوری 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو اور ان کی 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا۔

بلوچستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گورنر ہاؤس بلوچستان میں گورنر محمد خان اچکزئی نے ان سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں اراکین اسمبلی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات بھی شریک تھیں۔

 

Write on جمعہ, 12 جنوری 2018

راولپنڈی: امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف نے اور ایک امریکی سینیٹر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سیکیورٹی امداد سے متعلق امریکی فیصلےسے آگاہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایک ہفتے کے دوران اعلیٰ سطح پر امریکا کی جانب سے رابطے کیے گئے، امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف اور ایک امریکی سینیٹر نے  پاک فوج کے سربراہ کو ٹیلی فون کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد پاک امریکا سیکیورٹی تعاون کی صورتحال پر بات چیت کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی سینٹ کام کے سربراہ نے آرمی چیف کو سیکیورٹی امداد اور کولیشن سپورٹ فنڈ سے متعلق امریکی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کی قدر کرتا ہے جب کہ موجودہ صورتحال ایک عارضی مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے اندر کسی قسم کی یک طرفہ کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا لیکن پاکستانی سرزمین استعمال کرنے والے افغان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تعاون چاہتا ہے۔

 

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے حالیہ بیانات سے پوری پاکستانی قوم کو دھوکا دیا گیا اور خطے میں طاقت حاصل کرنے کی کھینچا تانی نے پاکستان کو بری طرح متاثر کیا  جب کہ پاکستان میں موجود افغانیوں کی سرگرمیوں کی امریکی تشویش سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے اور پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی انسداد دہشت گردی کوششیں جاری رکھے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر دہشت گردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آپریشن ردالفساد کے ذریعے پہلے ہی ہررنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جب کہ پاکستان اپنے طور پر بارڈر کنٹرول کو بھی مستحکم کر رہا ہے اور اگر افغانستان سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان سے متاثر ہو رہا ہے تو دو طرفہ بارڈر مینجمنٹ کابل کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

 

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کو امداد کی بحالی کے لیے نہیں کہے گا لیکن ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے کردار اور قربانیوں کا اعتراف چاہتے ہیں جب کہ افغان مہاجرین کی واپسی انتہائی ضروری ہے اور پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کے رحجان کے باوجود افغانستان میں امن کے تمام اقدامات کی حمایت کرتے رہیں گے کیوں کہ پر امن افغانستان ہی خطے کے دیرپا امن و استحکام کا واحد راستہ ہے۔

واضح رہے امریکی صدر کی جانب سے ٹوئٹ کے ذریعے پاکستان پر اربوں ڈالر کی امداد لینے کے باوجود دھوکا دینے کا الزام عائد کیا گیا جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان سے ہر قسم کا سیکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پاکستان کو فوجی سازو سامان اور مالی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

صفحہ نمبر 1 ٹوٹل صفحات 42

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ