ہیڈلائنز


پی آئی اے کی نجکاری 6 ماہ کیلئے مؤخر کرنے کی نواز حکومت کی تجویز مسترد

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نجکاری 6 ماہ کے لیے موخر کرنے کی حکومتی تجویز مسترد کرتے ہوئے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ حتمی فیصلہ تمام تنظیموں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹرمشاہد اللہ خان سے مذاکرات کے بعد پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کو 6 ماہ کے لیے مؤخر کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا گیا۔ چیرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیپٹن سہیل بلوچ کا کہنا تھا کہ 6 ماہ مؤخر ہو یا ایک سال، پی آئی اے کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں جب کہ حکومت سے مذاکرات کرنیوالی ایکشن کمیٹی سے مشورے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کو کارپوریشن سے پبلک لمیٹڈ بنانے کا جواز پیش کرے تاہم حتمی فیصلہ تمام تنظیموں کی مشاورت سے ہوگا۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہداللہ اور سیکریٹری سول ایوی ایشن بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران سول ایوی ایشن نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی بعض شرائط مان لیں جب کہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، کسی ملازم کو برطرف نہیں کیا جائے گا اور ملازمین کی مراعات میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
مذاکرت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر مشاہداللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو پی آئی اے میں تالا بندی اور ہڑتال پر تشویش ہے لیکن کسی بھی بلیک میلنگ کے نتیجے میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پی آئی اے کی اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کا فیصلہ 6 ماہ کے لیے مؤخرکردیا ہے، پی آئی اے ملازمین 6 ماہ میں ایئرلائن کو بہتر بنا لیں گے تو نجکاری کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال اور تالابندی غیرقانونی ہے، مذاکرات سے پہلے اس عمل کی جانب نہیں جانا چاہیے تاہم اب امید ہے کہ کل تک ہڑتال ختم کردی جائے گی۔
مشاہداللہ نے کہا کہ حکومت جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لیے تیار ہے اور ملازمین کے تحفط کے لیے قانون سازی بھی کی جائے گی تاہم کرپشن بہت زیادہ اور کرپٹ افراد کو پکڑنے کے لیے ادارے ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے میں لوٹ مار کی گئی۔ واضح رہے حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف پی آئی اے کے ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے ملک بھر میں قومی ادارے کے دفاتر کو تالے لگا دیئے ہیں۔

Mostly cloudy

12°C

اسلام آباد

Mostly cloudy
Humidity: 44%
Wind: N at 11.27 km/h
Saturday 11°C / 20°C Partly cloudy
Sunday 12°C / 20°C Mostly sunny
Monday 12°C / 20°C Mostly sunny
Tuesday 12°C / 20°C Mostly sunny
Wednesday 12°C / 18°C Sunny
Thursday 11°C / 18°C Sunny
Friday 11°C / 17°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ