ہیڈلائنز


سندھ حکومت نے رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی تو اسے واپس بلا لینگے، چوہدری نثار

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی تو اسے واپس بلالیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری کیوں منظورنہیں کی جارہی جب کہ گزشتہ دو ہفتوں سے اس سے متعلق سندھ حکومت کو اقدامات کرنے کا کہہ رہے ہیں، ریکوزیشن نہ بھیجنا مناسب بات نہیں اس لئے حکومت سندھ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور اگر رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو رینجرز کو کراچی سے واپس بلا لیں گے تاہم وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں کل اس حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس حکومت کا نہیں ریاستی معاملہ ہے اور مجرموں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے جب کہ اس کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستان میں ایف آئی آر درج کی گئی، اس معاملے پر آئین اور قانون کے مطابق کیس چلے گا اور اس حوالے سے نئی جے آئی ٹی بنائے جائے گی جو کیس کی تحقیقات کرے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی مقدمے کی مدعی حکومت نہیں ریاست ہوتی ہے اس لئے عمران فاروق قتل کیس کو سیاست کی نذرنہ کیا جائے،عمران فاروق قتل کیس کے کئی مراحل سے وزیراعظم بھی لاعلم تھے اوراب تک انہوں نے بھی جے آئی ٹی رپورٹ نہیں پڑی اگر جے آئی ٹی نے مقدمہ درج کرنے کی تجویز دی ہے تو مقدمے میں نامزد ملزمان مجرم نہیں ہوگئے ابھی اس کی تفتیش ہونا باقی ہے اورفیصلہ عدالت کو کرنا ہے جب کہ ایف آئی آر درج کرنے کا وقت ایف آئی اے نے خود طے کیا، کیس کی تحقیقات کے لئے اب جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش ہوگی۔
وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ انتخابات کےموقع پرایف آئی آردرج کرکےایم کیوایم کونقصان پہنچایا گیا، اگرالیکشن سے 2 روز قبل ایف آئی آر درج ہوتی تو شور کیا جاتا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی اگرالیکشن قریب قریب ختم ہوتے وقت خبرلیک ہوگئی تو اس میں بدنیتی کہاں سے آگئی تاہم مقدمہ درج کرنے کی ٹائمنگ ایف آئی اے نے خود طے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے باقاعدہ برطانیہ کے ادارے کو اعتماد میں لیا اوربتایا کہ گرفتارملزمان کے دوسرے ریمانڈ کا وقت ختم  ہورہا ہے اورہمیں کوئی فیصلہ لینا ہے اورآخر کاریہ فیصلہ لیا گیا، ڈاکٹرعمران فاروق بین الاقوامی قتل کیس کے علاوہ انوکھا کیس ہے جس کے ملزم پاکستان سے پکڑے گئے اور اس کی سازش یہاں تیارہوئی اور پاکستان سے ہی مالی معانت ہوئی لیکن واقعہ لندن میں رونما ہوا۔
چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسلام فوبیا پھیلایاجارہا ہے اور یہ تاثردینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جو کچھ دہشتگرد کرتے ہیں شاید یہی اسلام ہے،مذہب کا نام استعمال کرکے اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش ہورہی ہے لیکن اسلام امن کا درس دیتا ہے، پاکستان کیلی فورنیا واقعے کی مذمت کرتا ہے، حملے میں ملوث خاتون تشفین ملک 23 سال قبل پاکستان کےعلاقے ڈیرہ غازی خان سے سعودی عرب منتقل ہوگئی تھی جہاں اس نے سکونت اختیار کی اور پھر وہیں شادی کی جس کے بعد وہ امریکا چلی گئی، کسی ایک شخص کی غلطی یا زیادتی کی وجہ سے ناتو خاص قومیت، مذہب اور ملک کو مورد الزام ٹھہرایا جاسکتا ہے اور نہ اس کا الزام ڈیڑھ ارب مسلمانوں پر لگایا جاسکتا ہے تاہم امریکی انتظامیہ نے اس پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیلی فورنیا واقعے سے متعلق امریکی حکام کو مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے اگرکسی قسم کی مدد کو کہا گیا تو وہ فراہم کریں گے۔ چوہدری نثار نے برطانوی میڈیا میں کیلی فورنیا واقعے کے بعد وزیراعظم نواز شریف یا وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے امریکی وفدکی ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ  ایسی کسی قسم کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور یہ بے بنیاد خبرہے، امریکی وفد کا وزیراعلی پنجاب سے ملنے کا کوئی جوازہے اور نا کوئی منطق، اس قسم کی خبریں نشر کرنے کے پیچھے ایک مقصد ہے اس لئے میڈیا اس قسم کی خبریں نشر کرنے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ تارکین وطن کے معاملے پر یورپی یونین کے بیان سے اتفاق نہیں، پاکستانیوں کو بے دخل کرنے کے لئے دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے، یونان سے بے دخل کئے گئے لوگوں کی شناخت کے لئے ان افراد کو لے لیا گیا جو اپنی شناخت کرانے میں کامیاب رہے اور دیگر لوگوں کو واپس بھیج دیا اور آئندہ بھی بغیرثبوت کے بے دخل کیے گئے افراد کو قبول نہیں کریں گے۔

Clear

27°C

اسلام آباد

Clear
Humidity: 80%
Wind: N at 6.44 km/h
Saturday 25°C / 30°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 29°C Thunderstorms
Monday 22°C / 28°C Thunderstorms
Tuesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 26°C Thunderstorms
Friday 21°C / 26°C Thunderstorms

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ