ہیڈلائنز


پاکستان فولادی بھائی ہے، ایسٹ ترکستان موومنٹ کیخلاف قابل قدر کام کیا، چین

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل اور اسکے تحفظ کیلیے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ چینی فوج کے جنرل فان چینگ لونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہترین دوست، فولادی تعلق والے بھائی اور اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں، چین انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور استقامت کا معترف ہے اور مختلف شعبوں میں کامیاب آپریشنز کو سراہتا ہے۔
چین کیخلاف برسرپیکار انتہا پسند تنظیم ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) کیخلاف پاکستانی فوج کی کوششوں کو چین قدر کی نظر سے دیکھتا ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل فان چینگ لونگ نے گزشتہ روز وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین کیساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عصر حاضر کی دنیا میں بے مثال تعلقات استوار ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ دوستی باہمی مضبوط اعتماد، تعاون اور علاقائی اور عالمی امور پر یکساں خیالات پر مبنی ہے۔
جنرل فان چینگ لونگ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے نمٹنے کے بارے میں مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔ جنرل فان چینگ لونگ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جمعرات کو جی ایچ کیو کا دورہ بھی کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11سال بعد چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔ جنرل راحیل شریف کیساتھ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور اس کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات اور باہمی دفاعی تعاون میں اضافے جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اورتعاون پر مبنی اور وقت کی تمام آزمائشوں پر پورے اترنے والے تعلقات قائم ہیں۔ آنیوالے وقت میں ان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ پاک چین دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے جنرل فان چینگ لونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہترین دوست، فولادی تعلق والے بھائی اور اسٹریٹیجک پارٹنرز ہیں۔ دونوں ممالک باہمی اعتماد اور تعاون کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چین انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور استقامت کا معترف ہے اور مختلف شعبوں میں کامیاب آپریشنز کو سراہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چین کیخلاف برسرپیکار انتہا پسند تنظیم ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) کیخلاف پاکستانی فوج کی کوششوں کو چین قدر کی نظر سے دیکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلیے یکساں اہمیت اور فوائد کا حامل ہے۔ دونوں ممالک اس منصوبے پر کام جاری رکھنے اور اس کی کامیابی کیلیے کوشاں رہنے کے عزم پر قائم ہیں۔
راہداری کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستانی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ اس منصوبے کی سیکیورٹی اور مناسب مینجمنٹ کے سلسلے میں پاکستان کیساتھ قریب تعاون کریںگے۔ انہوں نے منصوبے کو قابل عمل بنانے اور پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں جنرل راحیل شریف کے کردار کی بھی تعریف کی۔ اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے ایک چاک و چوبند دستے نے چین کے اعلی فوجی اہلکار کو سلامی دی۔ جنرل فان چینگ لونگ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
جنرل فان چینگ لونگ نے جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص جیو اسٹریٹجک صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ علاوہ ازیں چینی دفاعی ادارے ’’سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری فار نیشنل ڈیفنس‘‘ کے وائس ایڈمنسٹریٹر ژو زینبن کی قیادت میں چینی وفد نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کی۔ اس دوران چینی وفد نے پاکستان کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون اور فوجی تعلقات میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

Sunny

30°C

اسلام آباد

Sunny
Humidity: 46%
Wind: WNW at 17.70 km/h
Sunday 24°C / 30°C Scattered thunderstorms
Monday 24°C / 30°C Sunny
Tuesday 23°C / 30°C Sunny
Wednesday 25°C / 31°C Sunny
Thursday 24°C / 31°C Sunny
Friday 26°C / 30°C Thunderstorms
Saturday 25°C / 31°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ