ہیڈلائنز


آئندہ آمروں کا نام نہ سنوں، رضا ربانی نے مشرف کاذکر کرنے پر سائرہ افضل کو ڈانٹ دیا

Written by | روزنامہ بشارت

 اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے اراکین سینیٹ کو ایوان کی کارروائی کے دوران اپنے بحث ومباحثوں کے دوران آمروں کا حوالہ دینے سے روک دیا۔ بدھ کو جب وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پرویز مشرف کا حوالہ دیاکہ وہ کہتے ہیں کہ ’ایکشن اسپیک لاؤڈر دین ورڈز‘ تو رضا ربانی نے انھیں جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کون مشرف؟ آپ نے مشرف کا نام کیوں لیا، آئندہ ایوان میں اس کا نام نہ سنوں، کسی رکن پارلیمنٹ کواس بات کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا کہ وہ مستقبل میں ایوان میں اپنی بحث کے دوران کسی آمر کا حوالہ دیں۔
3 نومبر 2007 کے حوالے سے ریمارکس دیتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ جب ایک آمر نے ملک میں ایمرجنسی لگائی تو پارلیمان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار اس کی توثیق نہیں کی، تمام سیاسی جماعتوں، وکلا اور سول سوسائٹی نے طویل جدوجہد کے بعد جمہوریت بحال کرائی۔ قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے نکتہ اعتراض پر بتایا کہ ایف بی آر کے پاس وزیراعظم نواز شریف کے 1992 سے 1994 تک کا ٹیکس ریکارڈ نہیں، انھوں نے اس دوران زیرو ٹیکس جمع کرایا اور 1995 میں 470 روپے ٹیکس دیا، کہیں ایسا تو نہیں کہ اس وجہ سے ریکارڈ غائب کر دیا گیا ہے۔ اس دوران رضا ربانی نے انھیں روکتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں وزیرخزانہ کو اس کی وضاحت کے لیے کہوں گا۔
پاکستان کے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب نہ ہونے سے متعلق تحریک التوا پر اپوزیشن ارکان نے کہا کہ ہمیں پتہ ہونا چاہیے کہ کس نے ہمیں ووٹ نہیں دیا، یہ دفتر خارجہ کی بڑی نااہلی ہے، وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ بدقسمتی سے 121 ووٹ پول نہ ہونے سے ہمیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، چیئرمین نے معاملہ خارجہ امور کمیٹی کو بھجواتے ہوئے ایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
سابق سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی جانب سے پاکستان کے مواصلاتی ڈیٹا کی جاسوسی کے حوالے سے بیان پر شاہی سید کی تحریک التوا پر حکومت کی جانب سے جواب نہ آنے پر چیئرمین نے سیکریٹری کیبنٹ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو ارسال کر دیا اور 10نومبر کو رپورٹ طلب کرلی۔ چیئرمین نے اسلام آباد میں نیشنل لا یونیورسٹی کے قیام سے متعلق رپورٹ بھی ایک ماہ میں طلب کرلی۔ ایوان کو تحریری طور پر بتایا کہ یکم جنوری 2010ء تا 22 اکتوبر 2015ء ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 87 شہری شہید اور407 زخمی ہوئے۔
اپوزیشن ارکان نے ایل این جی کی درآمدی قیمت ظاہر نہ کرنے پر ایوان سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے بتایا اب تک جتنے بھی ایل این جی کے کارگو آئے سب کی قیمتیں ایوان کو فراہم کی ہیں۔ چیئرمین نے ہدایت کہ تمام جہازوں کی الگ الگ قیمتیں ایک بار پھر ایوان کو فراہم کی جائیں۔ بعدازاں اجلاس آج جمعرات کی صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

Scattered thunderstorms

27°C

اسلام آباد

Scattered thunderstorms
Humidity: 72%
Wind: W at 6.44 km/h
Tuesday 22°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 29°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 27°C Thunderstorms
Friday 21°C / 24°C Thunderstorms
Saturday 22°C / 28°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 28°C Thunderstorms
Monday 23°C / 28°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ