ہیڈلائنز


منی لانڈرنگ کیس، ماڈل ایان علی کو باعزت بری کرنیکی درخواست دائر

Written by | روزنامہ بشارت

راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کے وکیل نے اپنے موکل کو باعزت بری کرنے کی درخواست دائر کردی ہے جس کے باعث ایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کی عدالت میں پیش ہوئیں۔ سماعت کے موقع پر ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف نیا چالان پیش ہونے تک فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی اور نئے چالان میں کیس کے نامزد ملزمان اویس اور ممتاز کے حوالے سے بھی واضح کیا جائے، معاملے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد فرد جرم کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ لطیف کھوسہ نے درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں ہوئے ہیں لہذا انھیں باعزت بری کیا جائے۔
دوسری جانب کسٹم حکام نے ایان علی کے وکیل کی جانب سے دائر دونوں درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج ہی دونوں درخواستوں پر بحث کے لئے تیار ہیں تاہم لطیف کھوسہ کا موقف تھا کہ آج ان درخواستوں پر بحث نہ کی جائے بلکہ نئی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے ملزمہ کے وکیل کی جانب سے معاملے پر بحث نہ کرنے کے موقف پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر آپ کی درخواست صرف تاریخ لینے کے لئے ہے تو صاف بتادیں ہم آپ کو ویسے ہی تاریخ دے دیں گے لیکن اگر آپ کی درخواست قانونی ہے تو پھر آج ہی معاملے پر بحث کریں۔
عدالت نے کسٹم حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی تاہم عدالت نے ملزمہ کے وکیل لطیف کھوسہ سے کہا کہ آئندہ سماعت کے موقع پر معاملے پر ہر صورت میں بحث مکمل کی جائے اور اگر آپ خود پیش نہیں ہو سکتے تو اپنے جونیئر وکیل کو بھیج دیں تاکہ کیس کو مزید نہ لٹکایا جائے، عدالت نے ماڈل ایان علی کے وکلاء پر یہ بھی واضح کیا کہ آئندہ کیس میں کوئی نئی تاریخ نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو رواں برس مارچ میں اسلام آباد کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے 5 لاکھ امریکی ڈالر بیرون ملک اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم تقریباً 7 ماہ ہو جانے کے باوجود ان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ہے۔

Clear

25°C

اسلام آباد

Clear
Humidity: 68%
Wind: NNW at 11.27 km/h
Tuesday 22°C / 30°C Sunny
Wednesday 23°C / 30°C Sunny
Thursday 23°C / 31°C Sunny
Friday 24°C / 31°C Sunny
Saturday 23°C / 31°C Sunny
Sunday 24°C / 29°C Sunny
Monday 23°C / 30°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ