ہیڈلائنز


انتقامی سیاست دفن کی جا چکی، زرداری کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے، پرویز رشید

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے کیونکہ (ن) لیگ نے نہ کبھی انتقامی سیاست کی نہ کررہے ہیں اور نہ ہی کریں گے جب کہ ملک میں انتقامی سیاست دفن کی جاچکی جو ہمیشہ دفن رہے گی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ 90 کی سیاست کو شہید بے نظیر بھٹو اور نوازشریف نے میثاق جمہوریت کے لیے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کردیا اور وہ دفن شدہ سیاست دوبارہ زندہ نہیں ہوسکتی جب کہ نوازشریف نے میثاق جمہوریت پرمکمل عمل کیا اس لیے کوئی انتقامی سیاست ہم سےمنسوب نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کوئی غلط اطلاع دی گئی یا کوئی غلط فہمی ہوئی ہے جس کی بنیاد پر انہوں نے بیان جاری کیا اور جن لوگوں کا ذکر انہوں نے کیا ہے ان سے کوئی کیوں انتقام لے گا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتقامی کارروائیوں کا زمانہ نہیں رہا اب ادارے مضبوط ہوچکے، ملک میں عدلیہ مضبوط ہے اور ہر کیس اس کے پاس جانا ہے اس لیے حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ کوئی ایسے کارروائی کرے اور نہ ہی ہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو جو غلط فہمی ہوئی اس کا اندازہ انہیں خود ہوگا اور انہیں پتا چلے گاکہ نوازشریف کی سیاست کی ڈکشنری میں انتقام نام کا کوئی لفظ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم سے متعلق آصف زرداری کا بیان جاری ہونے سے پہلے ہی وزیراعظم نے اس معاملے پر رپورٹ طلب کرلی تھی جو جلد وزیراعظم کو مل جائے گی اور اس کے بعد ہی ہم اس معاملے پر بات کرسکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے خلاف 99 سے اب تک کئی مقدمات بنائے گئے جو سب عدالتوں میں ہیں لیکن ہماری حکومت نے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا اگر کراچی میں کچھ لوگوں سے تفتیش ہورہی ہے اور انہوں نے کچھ نہیں کیا تو وہ خیریت سے آئیں گے اور اگر کچھ کیا ہوگا تو قانون خود اپنا راستہ اختیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو اپوزیشن کی گفتگو تحمل کے ساتھ سننا چاہئے ہم نے گالم گلوچ پر مبنی بیانات کو 6 ماہ تک سنااور برداشت کیا کیونکہ حکومت کو برداشت کرنا چاہئے۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان انتخابات سے فرار چاہتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر الیکشن کمیشن کے اراکین استعفے دیں گے تو کمیشن نا مکمل ہوجائے گا اور اس نامکمل کمیشن کی موجودگی میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے، عمران خان کو سوفیصد یقین ہے کہ وہ انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے اسی لیے استعفوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے مذاکرات معطل نہیں ہوئے وہ سلسلہ جاری ہے جس کی تفصیلات طے ہورہی ہیں اور اس حوالے سے جلد کوئی اچھی خبر ملے گی۔

Clear

23°C

اسلام آباد

Clear
Humidity: 58%
Wind: WNW at 11.27 km/h
Thursday 23°C / 30°C Sunny
Friday 24°C / 31°C Sunny
Saturday 23°C / 31°C Sunny
Sunday 23°C / 31°C Sunny
Monday 23°C / 30°C Sunny
Tuesday 23°C / 29°C Sunny
Wednesday 23°C / 28°C Thunderstorms

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ