ہیڈلائنز


دہشتگردی کا الزام لگا تو جنگ ہوگی، پیپلز پارٹی کی نواز حکومت کو دھمکی

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ دہشت گردی کا الزام لگا تو جنگ ہوگی۔ قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ ادارہ ہو یا حکومت کوئی دباؤ قبول نہیں کرینگے، تصادم اور محاذ آرائی کی سیاست نہیں چاہتے۔ شیری رحمان نے نیشنل ایکشن پلان پر وضاحت مانگ لی، بولیں کہ کارروائیاں ضرور کریں لیکن ان میں شفافیت ہونی چاہئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کرنا ہے تو پورے ملک میں کی جائے، پیپلزپارٹی کرپشن کا دفاع نہیں کرے گی ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور سابق وزیراعظم گیلانی اب بھی عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو صرف پیپلزپارٹی ہی نظر آرہی ہے، اس طرح کی کارروائیاں کرکے ہمیں کیا پیغام دینے کی کوشش ہورہی ہے، دہشت گردی کے خلاف کام ہمارے دور حکومت میں شروع ہوا، ہمارے دل اور نظریئے میں کبھی یہ ابہام نہیں رہا کہ پاکستان کا جھنڈا جلانے والوں اور دہشت گردوں سے مذاکرات کیے جائیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے کہا جاسکتا ہےکہ پیپلزپارٹی دہشت گردوں کی معاون ہے، ہم اپنے اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ہمارے کارکنان اور قائدین نے گولیاں کھائیں، ہم نے کسی سے کوئی سمجھوتے نہیں کیے اور نہ ہی ہمارے کسی سے رابطے تھے کیا پھر ہمیں کس بات کا صلہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیے جارہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی درپیش چیلنجز کا سامنا کرنا کے لیے تیار ہے، پیپلزپارٹی میدان میں ہے اور آگے بڑھتی جارئے گی۔
شیری رحمان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر کام پیپلزپارٹی نے 2009 میں شروع کیا اور اب جہاں کارروائی کرنا ہے کی جائے ہم پیش ہوں گے لیکن اس میں شفافیت لائی جائے، ملک میں دہشت گردوں کے خلاف قوانین کو سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، ملک میں جاری نیشنل ایکشن پلان پر ہمیں وضاحتیں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اوفا اعلامیے میں گڑ بڑ کی، ایک طرف افغانستان کا بارڈر کھلا ہے اور ایل او سی پر سیز فائر ختم ہوچکا ہے، سیالکوٹ سیکٹر میں منی جنگ کی علامت ہے، افغانستان میں داعش کا جھنڈا آچکا ہے اور ہم اس وقت اپنے اندرونی معاملات میں پھنسے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو خارجہ سطح پر پاکستان کے مفادات کا خیال کرنا چاہئے، حکومت اپنا وزیر خارجہ لائے اور آگے بڑھے اور پاکستان کے وقار کا تحفظ کیا جائے۔

Sunny

28°C

اسلام آباد

Sunny
Humidity: 65%
Wind: SSE at 11.27 km/h
Saturday 25°C / 30°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 29°C Thunderstorms
Monday 22°C / 28°C Thunderstorms
Tuesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 26°C Thunderstorms
Friday 21°C / 26°C Thunderstorms

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ