اسلام آباد …..پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوگا، چین کے صدر شی چن پنگ مشترکہ اجلاس سے خطاب کر یں گے۔ چینی صدر کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تقریر ہوگی، پھر وزیراعظم ایوان سے خطاب کریں گے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر ممنون حسین نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس وزیر اعظم کی ایڈوائس پربلایا۔ اجلاس کل صبح9 بجکر 25منٹ پر ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کی خاتون اول سمیت 60 رکنی وفد بھی بطور مہمان اجلاس میں شریک ہوگا ۔ پارلیمانی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے چینی صدر کےخطاب کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی ٹرپل ون بریگیڈ کے حوالے ہوگی ۔ وزرائے اعلیٰ ، گورنر ، مسلح افواج کے سربراہ ، سفارت کار اور دیگر اہم شخصیات پارلے منٹ کے مشترکہ اجلاس میں بطور مہمان شریک ہوں گی۔