ہیڈلائنز


اسلام آباد میں خفیہ اداروں کا کامیاب آپریشن، 6 طالبان دھشتگرد گرفتار

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: ملک کے ایک خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے اسلام آباد کے نواحی علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر 6 مبینہ شدت پسندوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ حراست میں لئے جانے والے افراد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اُن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان مہمند ایجنسی سے ہے، جو کہ خراسان گروپ کے لئے کام کرتے تھے۔  وزارت داخلہ کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس کارروائی کے بارے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مذکورہ ذرائع کے مطابق فوج کے ایک خفیہ ادارے کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تحریک طالبان مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے کچھ شدت پسند اسلام آباد میں کارروائی کی غرض سے چھپے ہوئے ہیں اور وہ مناسب وقت پر حکومت یا سکیورٹی فورسز کی شخصیات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ خفیہ ادارے کے اہلکاروں کو اس بارے میں بھی بتایا گیا ہے کہ مبینہ شدت پسند 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ یا اس ضمن میں ہونے والی سرکاری تقریب کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اس مرتبہ 23 مارچ کو پریڈ کے لیے اسلام آباد کے ترقیاتی ادارے اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

 

وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق مبینہ شدت پسند 23 مارچ کی تقریبات سے دو ماہ پہلے اسلام آباد میں اس لئے آئے تھے تاکہ اس عرصے کے دوران لوگوں سے شناسائی ہوسکے اور کسی کو بھی اُن پر شک نہ گزرے۔  اس اطلاع کے بعد خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں کی ریکی کے بعد تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں واقع پنڈوریاں کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر وہاں سے چھ مبینہ شدت پسندوں کو حراست میں لے کر انھیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق اس کارروائی میں خفیہ ادارے کے اہلکاروں کو رینجرز کی خدمات حاصل تھیں جبکہ مقامی پولیس کو اس کارروائی کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ علاقے کے سب ڈویژنل پولیس افسر چوہدری اقبال نے اس واقعے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور اُنکے خلاف آوارہ گردی کے جرم میں مقدمہ درج کرکے جیل بھجوا دیا ہے۔

Scattered thunderstorms

27°C

اسلام آباد

Scattered thunderstorms
Humidity: 72%
Wind: W at 6.44 km/h
Tuesday 22°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 29°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 27°C Thunderstorms
Friday 21°C / 24°C Thunderstorms
Saturday 22°C / 28°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 28°C Thunderstorms
Monday 23°C / 28°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ