ہیڈلائنز


اوورسیز پاکستانیوں کو مردم شماری میں شمار نہ کرنے اور....

Written by | روزنامہ بشارت

پاکستان کے ادارہ شماریات نے اوورسیز پاکستانیوں کو مردم شماری میں شمار نہ کرنے اور پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو پاکستانی آبادی کا حصہ قرار دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حالیہ فیصلہ سناتے ہوئے چیف شماریات آصف باجوہ نے کہا کہ جو پاکستانی چھ ماہ یا اس سے زائد عرصے سے بیرون ملک مقیم ہیں، انھیں مردم شماری میں شمار نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی انھیں پاکستانی آبادی کا حصہ تصور کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس نئے قانون کے مطابق مشرق وسطیٰ کے ممالک میں کام کرنے والے 7 لاکھ پاکستانی بھی شمار نہیں کیے جائیں گے، جو بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر سے مزدوری کے سلسلے میں بیرون ملک رہائش پذیر ہیں۔ادارہ شماریات کے چیف آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حالیہ مردم شماری میں شمار نہیں کیا جائے گا، ان میں وہ طالب علم بھی شمار نہیں ہوں گے جو تعلیم کے کیلئے بیرون ملک مقیم ہیں۔آصف باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کی زیر نگرانی مردم شماری 15 مارچ سے ہی شروع ہوگی، پہلے مرحلے میں تین روز تک خانہ شماری ہوگی، اگلے دس دن میں مردم شماری کے فارم پُر کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بے گھر افراد کی گنتی کے لیے ایک روز مختص کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاستدانوں نے مردم شماری کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سے قبل افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیٹا اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے افغان مہاجرین کے ایک لاکھ جعلی شناختی کارڈز کو بلاک کیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں تمام افراد کو شمار کیا جائے گا، غیر ملکی بھی مردم شماری کے دوران رجسٹر کیے جائیں گے۔لیکن مردم شماری کی رپورٹ میں صرف ان افغان شہریوں کو شمار کیا جائے گا جن کے پاس درست پاکستانی آئی ڈی کارڈز ہوں گے جبکہ دیگر کو رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا، ادارہ شماریات جعلی شناختی کارڈز کی جانچ کیلئے نادرا کا ڈیٹا استعمال کرے گا۔ملک میں کسی بھی وجہ سے ہجرت کرنے والوں کے حوالے سے ادارہ شماریات کے چیف کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص چھ ماہ سے اپنے صوبے سے دوسری صوبے میں رہائش پذیر ہے تو اسے اسی صوبے کی آبادی میں شمار کیا جائے گا جہاں وہ اس وقت موجود ہے۔منظور شدہ منصوبے کے مطابق مردم شماری پہلے صوبہ بلوچستان میں کی جائے گی اور اسے سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مردم شماری کی جائے گی۔

Mostly sunny

32°C

اسلام آباد

Mostly sunny
Humidity: 58%
Wind: WSW at 6.44 km/h
Saturday 25°C / 30°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 29°C Thunderstorms
Monday 22°C / 28°C Thunderstorms
Tuesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 26°C Thunderstorms
Friday 21°C / 26°C Thunderstorms

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ