ہیڈلائنز


رائے ونڈ کسی کی جاگیر نہیں ، عمران خان

Written by | روزنامہ بشارت
 

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رائیونڈ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں اور رائیونڈ مارچ سارے پاکستان سے شروع ہوگا۔

بنی گالہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ پاکستانیوں کے سامنے دو راستےہیں، ایک راستہ یہ ہے کہ ہم اربوں روپے کی کرپشن بھول کر اداروں کو تباہ ہونے دیں اور 2018 کے انتخابات کا انتظار کریں۔ غریبوں اور امیروں کے لئے الگ الگ قانون ہو اور ملک کا سب سے بڑا ڈاکو وزیر اعظم بن جائے اور اگر ہم معاملہ عدالت میں لے کر جائیں تو سپریم کورٹ کے رجسٹرار اسے مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیں۔ ہم جب ان کی چوری کی بات کریں تو کہا جائے کہ ہم جمہوریت کے دشمن ہیں۔ ہم وزیر اعظم سے پاناما لیکس کا جواب مانگتے ہیں تو وہ ایک موٹر وے کا دوسری مرتبہ افتتاح کرنے چلے جاتے ہیں۔ ہم اس معاملے پر الیکشن کمیشن کے پاس گئے تو وہاں سے بھی تاریخیں مل رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہمیں کوئی امید نہیں، وہ چیف الیکشن کمیشن سےپوچھتے ہیں کہ 2013 میں بڑے پیمانے میں بے ضابطگیاں کی گئیں لیکن اس میں ملوث کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ نواز شریف نے 1992 میں اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوا کر اپنے بچوں کے نام پر جائیداد بنائیں اور پھر اسمبلی میں جھوٹ بولا کہ انہوں نے یہ جائیدادیں 2004 میں خریدیں۔ ہر سال ساڑھے 3 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، یہ رقم ملک کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی سے 3 گنا زیادہ ہے۔عوام کی کمر توڑ کر اکٹھا ہونے والا پیسہ کرپشن میں جارہا ہے، نواز شریف 2013 کی طرح 2018 میں بھی اپنی کرپشن کا پیسہ انتخابات پر لگائیں گے اور لوگوں کو خریدیں گے۔جودھاندلی کرکےمنتخب ہوگاوہ اسمبلی جاکر کیسےایماندار ہوسکتا ہے، ہمیں درس دینے والے کرپشن کا کھیل کھیلتے رہنا چاہتے ہیں، یہ بزدل لوگ ہیں جو ضمیروں کا سودا کرچکے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہیں تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں پر ترس آتا ہے کہ نواز شریف کی بیٹی نائب وزیر اعظم اور چھوٹے بھائی کا بیٹا نائب وزیر اعلیٰ ہے۔ مریم نواز ٹی وی پر جھوٹ بولتے ہوئے پکڑی گئیں، حمزہ شہباز تحریک انصاف کے 3 کارکنوں کے قاتل کی پشت پناہی کررہے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے پاس دوسرا راستہ پاکستان کو نیا پاکستان بنانے کا ہے۔ وہ ملک بھر میں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ 30 ستمبر کو رائیونڈ پہنچیں۔ رائیونڈ مارچ کےسلسلے میں 24 ستمبر سے تیاریاں شروع ہوجائیں گی کیونکہ یہ جنگ پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔ 2008 میں جب نواز شریف کو پرویز مشرف نے دوبارہ واپس بھجوایا تھا تو اس وقت بڑی بڑی باتیں کرنے والے غائب تھے، اس بار بھی وہ بھاگ جائیں گے۔ وہ ڈنڈا برداروں اور رنگ بازوں کو تنبیہہ کرتے ہیں کہ مارچ کے دوران کوئی شرارت نہ کریں کیونکہ انہیں بہت مار پڑے گی کیونکہ اب تحریک انصاف 2013 والی جماعت نہیں رہی۔ رائے ونڈ میں پولیس نے تشدد کیا تو ہمارےنوجوان مقابلہ کریں گے، کسی بھی قسم کے تشدد کے ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی حکومت ہوگی، جس نے ہمارے کارکنوں کو پکڑا اس تھانے کے سامنے مظاہرہ کریں گے، پنجاب پولیس فیصلہ کرے کہ وہ حکومت کی نوکر ہے یا پاکستان کی۔

چیئرمین پی آتی آئی کا کہنا تھا کہ ملک چوری سے نہیں اداروں کی بربادی سے تباہ ہوتا ہے، پاکستان کے اداروں کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا، کرکٹ بورڈ میں وہ شخص بیٹھا ہے جس نے انہیں الیکشن جتوایا۔ رائیونڈکےبعدیہ معاملہ ختم نہیں ہوگا، یہ لوگ رائے ونڈ مارچ برداشت ہی نہیں کرپائیں گے۔ ملک کا آئین ہمیں احتجاج کاحق دیتاہے، روکنے کا کوئی جواز نہیں، 30 ستمبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، رائیونڈ مارچ کارکنوں کے نظریے کا امتحان ہوگا اور نظریہ یہ ہے کہ کون پاکستان سے پیار کرتا ہے، وکلا، ڈاکٹرز،انجینئرز، نرسز، خواتین، طلبہ اور نوجوان اپنےحقوق کے لئےکھڑے ہوں،آج ملک کو بچانے کا نادر موقع ہے جس کے لئے انہیں کو نکلنا ہوگا۔

اس سے قبل عمران خان کی سربراہی میں پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران رائیونڈ مارچ سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے شرکا کو بریفنگ دی اور رائیونڈ مارچ سے متعلق معاملات میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس میں شامل پارٹی رہنماؤں کی  اکثریت نے اس بات کی حمایت کی رائیونڈ مارچ رواں ماہ ہی کیا جائے

Sunny

26°C

اسلام آباد

Sunny
Humidity: 54%
Wind: W at 6.44 km/h
Saturday 25°C / 30°C Sunny
Sunday 25°C / 30°C Sunny
Monday 23°C / 30°C Sunny
Tuesday 23°C / 31°C Sunny
Wednesday 24°C / 31°C Sunny
Thursday 24°C / 30°C Sunny
Friday 24°C / 30°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ