ہیڈلائنز


اپنے بچوں کے بیرونِ ملک کاروبار کے بارے میں جو بھی حقائق ہیں وزیرِاعظم تفصیل سے ایوان کو اس بارے میں آگاہ کر دیں گے : پرویز رشید

Written by | روزنامہ بشارت

 

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا تفصیل سے جواب دیں گے۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے ایوان کو بتایا تھا کہ وزیراعظم گذشتہ جمعے کو اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے لیکن وہ مصروفیات کی وجہ سے ایوان میں نہیں آ سکے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت حزبِ مخالف کی دیگر جماعتوں نے پانامہ پیپرز میں وزیراعظم کے خاندان پر لگنے والے الزامات کے بعد مشترکہ طور پر وزیرِاعظم سے سات سوالات پوچھے تھے اور ان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں آ کر ان سوالوں کا جواب دیں۔

حزب اختلاف نے گذشتہ ہفتے وزیراعظم کے ایوان میں آ کر پاناما لیکس پر وضاحت دینے تک پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے واک آؤٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اتوار کو بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پامانہ پیپرز کے حوالے سے مخالفین نے ’جو بھی گرد اڑائی ہے اور حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کیا ہے، وزیراعظم اس حوالے سے ایوان کے سامنے حقائق پیش کریں گے۔‘

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما پارلیمان کے اجلاس سے پہلے ملاقات کریں گے جس میں چیف جسٹس کی طرف سے پاناما لیکس کے ضوابط کار پر لکھے گئے خط پر پیدا ہونے والی صورتحال اور دونوں ایوانوں کے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

حزبِ مخالف کی جانب سے وزیرِ اعظم سے پوچھے گئے سات سوالوں کے حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اگرچہ وزیرِ اعظم تمام تفصیل واضح کریں گے لیکن اسمبلی میں سوال پوچھنے کے کچھ آئینی تقاضے ہیں اور وزیرِاعظم سے وقفۂ سوالات میں ہی سوال کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’وزیرِاعظم حزبِ مخالف کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات پر تفصیل سے بات کریں گے تاکہ عوام حقائق سے آشنا ہو سکیں۔‘

پرویز رشید کا کہنا تھا پیر کو وزیراعظم کی تقریر کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ ان پر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں وہ بےبنیاد ہیں۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وزیرِ اعظم نے اپنے موجودہ اور سابقہ دورِ اقتدار میں کبھی بھی کسی کاروبار کے لیے بیرونِ ملک رقم نہیں بھیجی ہے۔


وزیراعظم پاناما لیکس پر دو بار قوم سے خطاب کر چکے ہیں لیکن اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے بیرونِ ملک کاروبار کے بارے میں جو بھی حقائق ہیں وزیرِاعظم تفصیل سے ایوان کو اس بارے میں آگاہ کر دیں گے۔

وزیرِ اعظم کی جانب سے ایوان میں کم آنے کے حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اپنے مخصوص حالات ہیں اور وزیرِ اعظم کو بہت سے دیگر کام کرنے ہوتے ہیں۔

انھوں نے کہا ملک میں جاری فوجی آپریشن، توانائی کے بحران، معاشی بدحالی اور ایسے دیگر مسائل کی وجہ سے وزیرِاعظم بہت مصروف رہتے ہیں جس کے باعث وہ ایوان میں کم آتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماہ شاہ محمود قریشی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم منتظر ہیں کہ وزیرِاعظم پیر کو اپنے اوپر لگے الزامات کی کیا وضاحت پیش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم اس حوالے سے دو بار قوم سے خطاب کر چکے ہیں لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ پیر کو وہ ایوان میں تقریر کے بجائے مشترکہ حزبِ اختلاف کے جانب سے اٹھائے گئے سات سوالات کا مفصل جواب دیں۔

                                                               شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم پیر کو وہ ایوان میں حزبِ اختلاف کے جانب سے اٹھائے گئے سات سوالات کا مفصل جواب دیں

شاہ محمود قریشی نے بی بی سی کو بتایا کہ حزبِ مخالف کا مطالبہ ہے کہ وزیرِاعظم وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائیں جو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کے عدالتی کمیشن کے لیے مشترکہ ٹی او آرز بنائے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا وزیرِاعظم سے یہ بھی مطالبہ ہوگا کہ ایک مشترکہ قانونی کمیٹی بنائی جائے جو عدالتی کمیشن بنانے کے لیے قانون سازی کرے کیونکہ چیف جسٹس نے 1956 کے ایکٹ کے تحت کمیشن کی تشکیل کو مسترد کر دیا ہے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’ہم وزیراعظم سے کہیں گے کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔‘

مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیرِاعظم کا موقف سننے کے بعد حزبِ مخالف کی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔

Sunny

30°C

اسلام آباد

Sunny
Humidity: 63%
Wind: NW at 11.27 km/h
Saturday 25°C / 30°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 29°C Thunderstorms
Monday 22°C / 28°C Thunderstorms
Tuesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 28°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 26°C Thunderstorms
Friday 21°C / 26°C Thunderstorms

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ