ہیڈلائنز


وقت آگیا ہے عوام حکمرانوں کا احتساب کریں، نوازشریف کا ہر صورت احتساب ہوگاِ عمران خان

Written by | روزنامہ بشارت

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے 26 اپریل کو سندھ سے کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں اہم موڑ ہے اب وقت آگیا ہے عوام حکمرانوں کا احتساب کریں جب کہ نوازشریف اس بار نہیں بچیں گے ان کا ہر صورت احتساب ہوگا۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے 20ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 20 سال ہوئے ہیں سیاسی جدوجہد کرتے ہوئے لیکن لگتا ہے کہ پارٹی اب شروع ہوئی ہے اور میں اگلے 20 سال کی تیاری کررہا ہوں، جس طرح کارکنان نے میری عزت کی اس پر اللہ کا جتنا شکر ادا کرتا ہوں وہ کم ہے اور قوم کا بھی دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ نے میری سوچ سے بھی زیادہ دیا اور میرے پاس سب کچھ تھا لیکن اس کے باوجود میں نے سیاست میں قدم رکھا کیوں کہ میں نے خود دیکھا کہ ہمارا ملک اوپر جانے کے بجائے نیچے چلا آرہا تھا، بیرون ممالک میں جمہوریت دیکھتا، قانون کی بالادستی دیکھتا ، یہاں تک کہ ہمارا پڑوسی بھارت بھی جمہوریت میں ترقی کررہا تھا لیکن افسوس کہ پاکستان میں ایسا کچھ نہیں تھا اور کرپشن میں  مزید تیزی آتی جارہی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ  ہم نے جب پارٹی بنائی تو میرے ساتھ صرف 10 لوگ تھے اور جب پارٹی کا منشور بنایا تو اس میں عہد کیا کہ پاکستان  ایسا ملک ہوگا جہاں عدل وانصاف ہو، قانون کے سامنے سب برابر ہوں اوراقلیتیں  برابر کی شہری ہوں اور ایسا پاکستان بنانا ہے جو بننا چاہیے تھا، جسے ہم نیا پاکستان کہتے ہیں اور مجھے وہ زیادہ دور نظر نہیں آرہا کیوں کہ ہماری قوم جاگ گئی ہے، ہم نے 2013 کی دھاندلی پر آواز اٹھائی اور 4 حلقوں کے لیے انصاف مانگتے رہے، الیکشن کمیشن کے پاس بھی گئے لیکن وہ تو الیکشن کمیشن آف (ن) لیگ نکلی،  پھر دھرنا دیا اور سب نے دیکھا چاروں حلقوں میں دھاندلی ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نبی کریم ﷺ کی زندگی کو بہت قریب سے پڑھا اور جب مجھ پر براوقت آتا تھا میں ان کی زندگی دیکھتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ جب میاں صاحب کے احتساب کی بات کرو تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے مگر جمہوریت تب مضبوط ہوگی جب عوام حکمرانوں کا احتساب کریں گے، ایسے جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی کہ آپ دھاندلی سے منتخب ہوکر ملک کا پیسہ لوٹیں،ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاسکتے، غریبوں کو پورا کھانا نہیں ملتا ، کسان پس رہا ہے، غربت بڑھ رہی ہے، صاف پانی میسر نہیں اور آپ 200 ارب روپے کی اورنج ٹرین اور 150 ارب کی میٹرو بسیں بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو صرف اس لیے بنائی جارہی ہے کہ اس سے کمیشن ملتا ہے جو بیرون ملک اکاؤنٹس میں جاتا ہے، میاں صاحب کے بیٹے نے حال ہی میں ساڑھے 600 کروڑ روپے کا فلیٹ بیچا ہے، اگر آج حکمرانوں کا احتساب نہیں کیا تو یہ ملک اور تباہی کی طرف جائے گا، پاناما لیکس کی سازش عمران خان نے نہیں کی اس میں آپ کا اور آپ کے خاندان کا نام آیا ہے اور اس کا جواب آپ کو دینا پڑے گا۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ایل ڈی اے کے پلاٹس اونے پونے دے دیے گئے، مہران بینک اسکینڈل میں آپ بچ گئے ، حدیبیہ پیپر ملز کے کیس میں بچ گئے، آئی ایس آئی سے پیسہ لیا اس میں بچ گئے لیکن اب نہیں بچ سکیں گے،میاں صاحب آپ کو ہر صورت احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا، ہم اب وہ آزاد کمیشن چاہتے ہیں جس میں انٹرنیشنل کمپنی اور فارنزک ٹیمیں چیف جسٹس کے نیچے کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بطور اپوزیشن اپنا حق ادا کررہے ہیں کہ آپ نے جو بھی کرپشن کی اس کا جواب دیں کیوں کہ یہ عوام کا پیسہ ہے لیکن آپ نے صفائی پیش کرنے کے بجائے شوکت خانم پر انگلیاں اٹھانا شروع کردیں، اس پر آپ کو شرم آنی چاہیے، یہ واحد ادارہ ہے جو 70 فیصد غریبوں کا مفت علاج کرتا ہے، آپ نے اس پر تحقیقات کیے بغیر الزامات لگائیں اور اگر یہ حقیقت بھی ہے تو اس کی تحقیقات کیوں نہیں کی گئی، 8 سال سے آپ ہی پنجاب پر حکمرانی کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر کے وزرائےاعظم پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد کرپشن کے معاملے پر اپنی اپنی پارلیمنٹس کو جواب دے رہے ہیں لیکن وزیراعظم نوازشریف ایوان میں نہیں آئے، اگر آج ہم مقروض قوم ہیں اور قرضے لے کر گزارا کررہے ہیں تو یہ ان لیڈرز کا قصور ہے جو منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک کا پیسہ باہر لے کر جاتے ہیں، یہ نوازشریف جیسے لیڈرز کا قصور ہے جو خود تو ٹیکس نہیں دیتے لیکن غریب عوام سے مہنگائی کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب آپ کو جانا پڑے گا کیوں کہ آپ کرپشن کرتے وقت لوگوں کو کیسے روکیں گے جب آپ خود کرپٹ ہیں، الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے اثاثے ڈیکلئیر نہیں کرتے، میاں صاحب آپ اخلاقی جواز کھوچکے ہیں اور اب آپ کے پاس وزیراعظم بننے کا کوئی جواز نہیں۔
چیرمین تحریک انصاف نے 26 اپریل کو سندھ سے کرپشن کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں آئندہ اتوار لاہور آرہا ہوں، ابھی رائیونڈ نہیں آرہا بلکہ چیرنگ کراس میں لاہور کے شہریوں کا لہو گرم کرنے آرہا ہوں اور وہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ  اگر آپ سمجھتے ہیں کہ امپائر کو ملاکر دوبارہ میچ فکس کردیں گے تو اب ایسا نہیں ہوگا اور اگر ایسا ہوا تو یہ قوم سڑکوں پر آئے گی۔

Thunderstorms

28°C

اسلام آباد

Thunderstorms
Humidity: 68%
Wind: WSW at 11.27 km/h
Tuesday 22°C / 28°C Thunderstorms
Wednesday 23°C / 29°C Thunderstorms
Thursday 22°C / 27°C Thunderstorms
Friday 21°C / 24°C Thunderstorms
Saturday 22°C / 28°C Thunderstorms
Sunday 23°C / 28°C Thunderstorms
Monday 23°C / 28°C Sunny

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ