ہیڈلائنز


خبردار۔۔۔ انٹرنیٹ مسئلہ بن سکتا ہے!

Written by | روزنامہ بشارت

انٹرنیٹ ہماری زندگی میں کسی لازمی جزو کی طرح شامل ہو چکا ہے۔۔۔ سوشل نیٹ ورکنگ، آن لائن گیمز اور چیٹنگ نئی نسل کے خصوصی مشاغل ہیں۔

ایسی صورت میں والدین خصوصاً ماں کی انٹرنیٹ کے حوالے سے عدم واقفیت مناسب نہیں، کیوں کہ انٹرنیٹ ایک طرف بچے پر اپنے گہرے اثرات مرتب کرتا ہے، بلکہ بعض صورتوں میں بچے کے تحفظ کے لیے مسائل بھی پیدا کر سکتا ہے! جی ہاں، فی زمانہ انٹرنیٹ کے ذریعے جرائم کی شرح بڑھتی جا رہی ہے۔ ایسے میں انٹرنیٹ پر بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا اور انہیں آگاہی دینا اور بھی ضروری ہو جاتا ہے۔ ایک ماں کی حیثیت سے آپ کو جاننا چاہیے کہ بچے کن ویب سائٹس پر جا رہے ہیں؟ کس موضوع سے متعلق معلومات تلاش کر رہے ہیں؟ وغیرہ۔

وہ مائیں جو انٹرنیٹ کے استعمال سے نا بلد ہوتی ہیں، عموماً بچے انہیں یہ کہہ کر مطمئن کر دیتے ہیں کہ ’’ہم پڑھ رہے ہیں‘‘ لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔ اس موقع پر ماں اور بچوں کے درمیان اعتماد قائم ہونا ضروری ہے، تاکہ آپ کے درمیان انٹرنیٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہو اور آپ ان کی سرگرمیوں پر بھی بات کر سکیں۔بچوں کو انٹرنیٹ کے استعمال سے روکنے کے بہ جائے، خود بھی ان کے ساتھ انٹرنیٹ استعمال کریں۔ اس طرح آپ زیادہ بہتر طریقے سے ان پر نظر رکھ سکتی ہیں۔ مثلاً سماجی روابط کی ویب سائٹس پر آپ بھی اپنا اکائونٹ بنائیے اور بچوں کو بھی اپنے پاس شامل کیجیے، تاکہ ان کی تمام تر سرگرمیوں اور دوستوں کے بارے میں پتا چلتا رہے۔ عموماً سماجی روابط کی ویب سائٹس پر اکائونٹ بنانے کے لیے عمر کی حد کم از کم 18سال ہے۔اگر بچے 18 سال سے کم عمر ہیں، تو ان کو سمجھایئے کہ آپ ابھی اکائونٹ بنانے کے اہل نہیں ہیں۔ اگر وہ بضد ہوں، تو آپ ان کو اپنا اکائونٹ استعمال کرنے کو کہیں۔ ماں اور بچے کا ایک اکائونٹ ہونے کی صورت میں آپ بہ آسانی ان کی سرگرمیوں کے بارے میں جان سکیں گی۔ ساتھ ہی انہیں سائبر کرائم سے متعلق بھی بتائیں، تاکہ وہ انٹرنیٹ پر اجنبی لوگوں سے بات چیت کے دوران محتاط رہیں اور کسی کو اپنی ذاتی معلومات دینے سے گریز کریں۔وہ بچے جو سماجی روابط کی ویب سائٹس استعمال کر رہے ہیں، انہیں پاس ورڈ کو محفوظ بنانے اور اکائونٹ کو ہیک ہونے سے بچانے کے طریقے بتائیں۔ انہیں بتایئے کہ بہت سے اکائونٹ فرضی یا جھوٹے ہوتے ہیں، لہٰذا اکائونٹ کی ترتیب ایسی رکھیں کہ آپ کا اکائونٹ آپ کی ذاتی معلومات، تصاویر، ویڈیوز، پوسٹ، اسٹیٹس کسی اجنبی کی دسترس سے دور رہیں۔ Setting کے Option میں اپنی پوسٹ دیکھنے کے لیے سیٹنگ ہمیشہ صرف فرینڈز پر رکھیں۔ اگر آپ ان فرینڈز میں بھی تخصیص کرنا چاہتے ہیں، تو اس کی بھی سیٹنگ کر لیں۔

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ