ہیڈلائنز


اداکار شان بھارتی فلم ’ارتھ‘ کا ری میک بنا کر تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں

Written by | روزنامہ بشارت

پاکستان کے نامور اداکارشان شاہد بھارتی ہدایت کارمہیش بھٹ کی 80 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی کامیاب ترین فلم ”ارتھ“ کا ری میک بنارہے ہیں فلم کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار کسی بھارتی فلم کا ری میک پاکستان میں بن رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار شان شاہد پاکستان کے ورسٹائل اداکار ہیں جو ہر کام بخوبی انجام دیتے ہیں چاہے وہ اداکاری ہویا میزبانی اور اب شان 1982 میں ریلیز ہوئی مہیش بھٹ کی کامیاب ترین فلم ”ارتھ“ کا ری میک ”ارتھ 2“ کے نام سے بنارہے ہیں، یہ پاک بھارت سنیما کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ کسی بھارتی فلم کا ری میک پاکستان میں بنایا جارہا ہے، کئی نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز اپنے نام کرنے والی فلم ”ارتھ“ میں بھارت کی باصلاحیت اداکاراو¿ں سمیتا پاٹیل، شبانہ اعظمی سمیت اداکار راج کرن اور کل بھوشن کھربندرا نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار شان نے مہیش بھٹ سے ملاقات کے دوران فلم ”ارتھ“ کا ری میک بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور مہیش بھٹ نے انہیں بخوشی اجازت دے دی تھی، مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ہر انسان کو چیزوں کو دیکھنے کا نظریہ الگ ہوتا ہے شان میری فلم کو کس طرح بناتے ہیں یہ تو فلم دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔
فلم میں اداکار شان بطور ہدایت کار اور اداکاراپنی صلاحیتوں کا جادو جگائیں گے ، شان کا اس بارے میں کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ لاہور میں ہوگی اور اسے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فلمی تجارت کیلئے یہ فلم رول ماڈل ثابت ہوگی اور اس فلم سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فلمیں بنائے جانے کے راستے ہموار ہوجائیں گے۔

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ