ہیڈلائنز


دستانے پہن کر جھاڑو لگانا عجیب لگتا ہے:شاہ رخ خان

Written by | روزنامہ بشارت
ممبئی(ویب ڈیسک) جہاں امیتابھ بچن، سچن ٹنڈولکر اور سلمان خان جیسے بڑے نام بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ”صاف بھارت“ مشن سے وابستہ ہو چکے ہیں وہیں شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ جہاں اس مہم کے حامی ہیں وہیں انھیں نمائش کے لیے جھاڑو لگانا کچھ عجیب سا لگتا ہے۔ شاہ رخ خان نے دبے لفظوں میں وزیراعظم مودی کی صفائی مہم کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ انہیں جھاڑو دینا ذرا عجیب سا لگتا ہے۔ ”صاف بھارت“ مہم کے دوران ان ستاروں نے جھاڑو ہاتھ میں لے کر اپنے گھر کے آس پاس کی صفائی کی اور اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شائع ہوئیں۔ بچوں کی تفریح سے منسلک ایک کمپنی کے پروگرام میں موجود شاہ رخ سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو وہ بولے ”مجھے جھاڑو دینا ذرا عجیب سا لگتا ہے، خاص طور پر دستانے پہن کر جھاڑو لگانا “۔ان کا

کہنا تھا کہ ”میں تو دل اور دماغ کی صفائی میں یقین رکھتا ہوں‘ میرا دل صاف ہے، بس تھوڑی زبان صاف کرنی ہے‘ ایک دن سب صاف کر دوں گا“۔ تاہم انھوں نے ”صاف بھارت“ مہم کی تعریف بھی کی اور کہا کہ بڑی شخصیات کے اس میں شامل ہونے سے لوگوں کو ایک اچھا پیغام ملے گا۔  اسی تقریب میں شاہ رخ سے ان کی فلم ”ہیپی نیو ایئر “ کے بارے میں جیا بچن کے تنقیدی بیان اور پھر مبینہ طور پر ان کے شوہر امیتابھ بچن کی شاہ رخ خان سے معذرت کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔اس پر شاہ رخ نے کہا کہ انھیں اس معاملے پر کسی سے کوئی گلہ‘ شکوہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ”میں جیا جی سے بالکل ناراض نہیں ہوں‘ وہ مجھ سے سینیئر ہیں مجھے ان پر غصہ کرنے کا کوئی حق نہیں“۔ دوسری طرف بتایا جا رہا ہے کہ شاہ رخ کی نئی فلم ”ہیپی نیو ایئر “ نے صرف بھارت بھر میں 200 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے جب کہ اوور سیز بزنس بھی ملا کر سلمان خان کی ”کک “ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 350 کروڑ سے زائد کا کاروبار کرلیا ہے۔  

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ