ہیڈلائنز


سوشل میڈیا کے بے تحاشا استعمال سے ہم ایک دوسرے کی عزت کرنا بھول گئے، کرینہ کپور

Written by | روزنامہ بشارت

ممبئی: بالی ووڈ کی سرکردہ اداکاراؤں کو سوشل میڈیا پسند نہیں آ رہا ہے، پہلے کترینہ کیف نے اور اب کرینہ کپور نے اس کے ضرورت سے زیادہ استعمال کو نامناسب قرار دیا ہے۔

دو دن قبل اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ویب سائٹوں پر کئی بار لوگ گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں اس لیے وہ ان سے بچتی ہیں۔ جب کرینہ ایک شیمپو کی تشہیر کے سلسلے میں میڈیا سے مخاطب ہوئیں تو

انھوں نے کہا ’’سب کچھ ٹوئیٹر اور فیس بک پر ہی طے ہو رہا ہے‘ محبت‘ رنجشیں‘ لڑائی‘ جھگڑے سب کچھ‘ لوگ یہیں پر ایکٹ اور ری ایکٹ کر رہے ہیں‘‘۔ بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ بیشتر اداکار، اداکارائیں اور پروڈیوسر سوشل میڈیا پر کافی فعال ہیں اور وہاں اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ کرینہ کے مطابق اگر فلم اسٹار کو ایک دوسرے سے یا میڈیا سے کوئی پریشانی ہے تو فون کر کے مسائل کا حل کیا جانا چاہیے نہ کہ فیس بک اور ٹوئیٹر جیسے ذرائع پر بات کا بتنگڑ بنانا چاہیے کیونکہ اسے سب لوگ دیکھ لیتے ہیں۔ کرینہ نے مزید کہا ’’شاید اسی وجہ سے فن کار میڈیا کی اور میڈیا فنکاروں کی عزت نہیں کرتا‘‘۔ انھوں نے کہا ’’اور تو اور‘ اب ہم لوگوں کو فون ہی نہیں کرتے‘ ٹوبٹر یا فیس بک پر ہی ایک دوسرے سے باتیں کر لیتے ہیں‘‘۔ حال ہی میں بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون اور بھارت کے انگریزی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے درمیان دیپکا کی ایک تصویر اور اس کے متعلق ٹویٹ پر بہت ہنگامہ اٹھ کھڑا ہوا تھا۔ کرینہ نے اپنے شوہر سیف علی خان کے ساتھ ’’ٹشن،‘ ’قربان‘ اور ’ایجنٹ ونود‘‘ جیسی فلمیں کیں لیکن تینوں ہی فلمیں فلاپ ہوگئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ اپنے شوہر سیف علی خان کے ساتھ فلمیں نہیں کریں گی۔ دوسری طرف کرینہ کپور ان دنوں فلمی دنیا سے ہٹ کر صرف اپنی ازدواجی زندگی میں مصروف نظر آتی ہیں اور یہ گزشتہ ایک ہفتے سے زائد سے ایسا دکھائی دے رہا ہے اور وہ دنیا و مافیہا سے بے خبر لگتی ہیں جس کا ایک واضح ثبوت یہ ہے کہ بھارت نے اپنی پہلی ہی کوشش میں مریخ کے مدار پر سیارہ بھیجنے کی کامیاب کوشش کی تو اس بارے میں گزشتہ روز ایک صحافی نے کترینہ سے پوچھا کہ تو وہ اس پر کوئی معلومات نہیں رکھتی تھیں اور کچھ توقف کے بعد کہا ’’یہ ایک بہت سائنسی سا سوال ہے ‘‘ پھر کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد اداکارہ نے کہا ’’میں بھی خلا میں جانا چاہتی ہوں۔‘‘

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ