ہیڈلائنز


بھارتی اداکار شاہد کپور کے گھر یلو سوئمنگ پول سے ڈینگی لاروا برآمد

Written by | روزنامہ بشارت

بھارتی فلموں کے چاکلیٹی ہیرو شاہد کپور کے گھر میں واقع سوئمنگ پول سے ڈینگی لاروا برآمد ،نوٹس جاری کر نے کے بعد سرکاری حکام نے معروف اداکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

 

بھارتی نجی چینل ’’زی نیوز ‘‘ کے مطابق سرکار حکام نے ڈینگی مکاؤ مہم کے دوران اداکار شاہد کپور کے گھر پر چھاپہ مار کر اداکار کے ذاتی سوئمنگ پول سے ڈینگی لاروا برآمد کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کیا تھا ،جس پر اداکار کی جانب سے نوٹس کا معقول جواب نہ ملنے پر بی ایم سی حکام نے شاہد کپور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔مونسپل حکام نے شاہد کپور کے ذاتی سوئمنگ پول سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ان سے مونسپل ایکٹ کی دفعہ 8کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا لیکن شاہد کپور نے اس نوٹس کو اہمیت نہ دیتے ہوئے کوئی ردعمل یا وضاحت نہ دی تھی جس پر مونسپل حکام نے اداکار شاہد کپور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ ہم اب شاہد کپور کے جواب کا انتظار نہیں کر رہے بلکہ جرمانہ وصول کرنے کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں اور اب ہم عدالت میں شاہد کپور کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے ۔ عدالتی معاملہ صرف فلمی ستاروں کے خلاف ہی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کے خلاف مقدمات دائر کئے جائیں گے جن کے گھروں سے لاروا ملے گا۔

واضح رہے کہ ممبئی میں رواں سال یکم جنوری سے مونسپل حکام نے اب تک مختلف عدالتوں میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 29مقدمات درج کرتے ہوئے 26لاکھ 92ہزار جرمانہ وصول کیا ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال بالی ووڈ اداکار انیل کپور ،جوہی چاولہ اور گلوکار رامت کشور گنگولی کے گھروں سے بھی مونسپل حکام نے ڈینگی لاروا برآمد کرتے ہوئے نوٹس جاری کئے تھے 

تازہ ترین خبریں

کالم / بلاگ