راحیل شریف نے سعودی فوجی اتحاد کی سربراہی سے متعلق آگاہ نہیں کیا، خواجہ آصف

بدھ, 11 جنوری 2017 15:34

راحیل شریف نے سعودی فوجی اتحاد کی سربراہی سے متعلق آگاہ نہیں کیا، خواجہ آصف

Written by

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) راحیل شریف نے 39 مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کی سربراہی سے متعلق وزارت دفاع یا جی ایچ کیو کو آگاہ نہیں کیا۔ چیئرمین رضا ربانی کی سربراہی میں سینیٹ کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی سعودی عرب کی سربراہی میں 39 ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت کرنے کے معاملے میں پالیسی بیان دیتے ہوئے بتایا کہ راحیل شریف کو سعودی عرب کے شاہی خاندان کی جانب سے عمرے کی دعوت دی گئی  اورانہوں نے عمرہ پر جانے کی اطلاع دی تھی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنرل(ر)راحیل شریف عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آچکے ہیں اورابھی تک انہوں نے مسلم فوجی اتحاد کی سربراہی کرنے سے متعلق  جی ایچ کیو یا وزارت دفاع کو کوئی درخواست نہیں دی اور نا ہی راحیل شریف کی جانب سے اس قسم کی پیشکش کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ خواجہ آصف نے سینیٹ کو بتایا کہ عسکری اداروں کے افسران ریٹائرمنٹ کے بعد کسی بھی قسم کی ملازمت کے لیے وزارت دفاع سے لازمی کلئیرنس لینے کے پابند ہوتے ہیں، عام طور پر ریٹائرڈ افسران ملک کےاندرہی نوکری چاہتے ہیں لیکن اب غیر ملکی ملازمت لینے سے متعلق بھی قواعد میں ترمیم کی جائے گی۔اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سینیٹ کو بتایا کہ راحیل شریف کی اسلامی ممالک کی فوج کی سربراہی کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں، راحیل شریف کو ابھی کوئی پیشکش نہیں ہوئی اس لئے ہماری خارجہ پالیسی پر بھی کوئی اثر نہیں پڑا، جس پر چیئرمین سینیٹ نے پوچھا کہ اگر راحیل شریف کی درخواست آئی تو کیا آپ ایوان کو مطلع کریں گے۔مشیرخارجہ سرتاج عزیز کے بیان پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کے خارجہ پالیسی پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس نےاتحادی افواج میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا لیکن مشیر خارجہ کہہ رہے ہیں راحیل شریف کی تقرری پر صورت حال واضح نہیں۔ مسلم ممالک کی افواج کا اتحاد بظاہر دہشت گردی کے خلاف ہے لیکن اس اتحاد میں ایران اور دیگر ممالک کو الگ رکھا گیا ہے، اگر ایران نے اتحاد بنا کر پاکستانی جرنیل کو سربراہ مقرر کیا تو اچھے نتائج مرتب نہیں ہوں گے۔ کیاراحیل شریف کا10ماہ پہلےریٹائرمنٹ کااعلان کرناکوئی پیغام تھا۔ جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی عدم شمولیت کا فیصلہ تاحال اپنی جگہ موجود ہے۔

Read 112 times

اپنی رائے کا اظہار کریں

اس بات کو یقینی بنائیں کے (*) کے ضروری معلومات کے کالم پر کردئے ہیں


Read Basharat Online

روزنامہ بشارت ٹویٹر

There is no friend in list


Follow Daily_Basharat on Twitter